ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سیاست میں غلط تشہیر کو عادت نہ بنائیں: پرینکا گاندھی

سیاست میں غلط تشہیر کو عادت نہ بنائیں: پرینکا گاندھی

Sat, 11 May 2019 12:05:00    S.O. News Service

سدھارتھ نگر، 11؍ مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعہ کو لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سیاست میں غلط اور منفی تشہیرکو اپنی عادت نہ بنائیں اور تبدیلی کرنے کی اپنی طاقت کی شناخت کریں۔پرینکا نے یہاں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیاست میں جھوٹے پروپیگنڈے اور منفی باتیں آ گئی ہیں،ہم اگر یہاں ہیں تو آپ عوام کی وجہ سے ہیں۔آپ سب کو اپنی طاقت کو نہیں بھولنا چاہیے۔سیاست میں گندگی اور منفی باتوں کو اپنی عادت نہ بنائیں،آپ تبدیلی کریں،جمہوریت نے آپ کو یہ طاقت دے رکھی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے مرکز کی موجودہ نریندر مودی حکومت کو گھمنڈی بتاتے ہوئے اسے غصہ، نفرت اور منفی باتیں پھیلانے والی قرار دیا اور کہا کہ جب وزیر اعظم آپ کے سامنے آتے ہیں تو کبھی آپ کے مسئلہ کے بارے میں کچھ نہیں کہتے۔انہوں نے کہا کہ پرانی باتیں، پاکستان اور دوسری بیکار کی باتیں کرتے ہیں۔انہوں نے پوری دنیا گھومی ہے،وہ پاکستان بھی گئے اور بریانی کھائی،جاپان گئے اور وہاں ڈھول بجایا،وہ امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک میں بھی گئے لیکن کبھی مسئلہ جاننے کے لیے اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے کسی بھی گاؤں میں نہیں گئے۔پرینکا نے آوارہ جانوروں کے مسئلے کے بارے میں کہا کہ انتخابات کے دوران کسانوں کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ایک ماہ قبل آوارہ جانوروں کو رکھنے کے لئے گوشالہ بنوائے، لیکن وہاں ان کے لیے پانی اور چارے کا انتظام نہیں کیا۔گزشتہ پانچ سال کے دوران بی جے پی کی پالیسیوں سے پریشان ہوکر 12 ہزار کسانوں نے خود کشی کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جب بڑی تعداد میں مدھیہ پردیش، ہریانہ، پنجاب اور مہاراشٹر کے کسان احتجاج کرنے کے لیے دہلی پہنچے تو وزیر اعظم اپنے بنگلے سے نہیں نکلے اور ان کے مسائل سننے کے لیے پانچ منٹ کا وقت بھی نہیں نکالا۔پرینکا نے کہا کہ بی جے پی اب ’کسان سمان منصوبہ بندی‘کی باتیں کر رہی ہے۔جب کانگریس نے کسانوں کی قرض معافی کی مانگ کی تھی، تب حکومت نے کہا تھا کہ اس کے لیے ان کے پاس دولت نہیں ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر پیسے نہیں تھے تو بڑے صنعت کاروں کے 550 ہزار کروڑ روپے کس طرح معاف کر دیئے گئے؟ راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومتوں کی طرف سے کسانوں کے قرض معاف کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیت نیک ہونے کی وجہ سے کسانوں کی قرض معافی تین دن کے اندر ہو گئی،مگر آج ایک گھمنڈی لیڈر اسٹیج سے بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔پرینکا نے اپنی پارٹی کے انتخابی منشور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے 15-15 لاکھ روپے دینے کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے تاجروں کو برباد کر دیا مگر کانگریس تمام طبقات کو اپنے پیروں پر کھڑا کرے گی اور غریبوں کو ہر سال 72 ہزار روپے دے گی اور مارچ 2020 تک 24 لاکھ سرکاری ملازمتوں کے لیے بھرتی کرے گی۔


Share: